اسلامآباد۔: پاکستان اور ترکی نے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے پانچ اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کر دیے۔ معاہدوں پر دستخط ترکی کے وزیرِ توانائی البرسلان بائراکتار کے دورہ اسلام آباد کے دوران ہوئے۔ترک وفد نے وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور توانائی کے متعلقہ وزرا سے ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں تیل و گیس کی تلاش، مشترکہ سرمایہ کاری اور توانائی تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔
معاہدوں کے تحت تین سمندری (Offshore) اور دو زمینی (Onshore) بلاکس میں تیل و گیس کی تلاش کی جائے گی۔ ان بلاکس میں Eastern Offshore Indus-C، Ziarat North، Sukhpur-II، Deep C اور Offshore Deep F شامل ہیں۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif and Alparslan Bayraktar, Turkish Minister of Energy and Natural Resources witness exchange of MoUs between Turkiye and Pakistan in the field of Petroleum.
— Prime Minister's Office (@PakPMO) December 2, 2025
(Islamabad: 2 December, 2025) pic.twitter.com/ujIpPBtYwq
وزیراعظم نے وفد سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات تاریخی اور برادرانہ ہیں اور توانائی کے شعبے میں یہ تعاون دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ انہوں نے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
ترکی کے وزیرِ توانائی البرسلان بائراکتار نے کہا ہے کہ ترکی، پاکستان کے ساتھ تیل و گیس کی تلاش، توانائی کے انفراسٹرکچر اور معدنیات کے شعبے میں مزید مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 5 ارب ڈالر کی دو طرفہ تجارت کے ہدف کے حصول میں توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں گہرا تعاون بنیادی کردار ادا کرے گا۔
ترکی کے وزیر نے بتایا کہ رواں سال ابتدائی مہینوں میں وہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شریک ہوئے تھے، جہاں انہوں نے پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر کی اہمیت کا ازسرِنو جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے وہ اپنے ساتھ ایک ترک مائننگ کمپنی بھی لائے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ترکی کے لیے پاکستان کے ساتھ معدنیات کے شعبے میں داخل ہونے کا ایک اہم سنگِ میل ہے، اور دونوں ممالک مستقبل میں طویل المدتی اور باہمی فائدے کی بنیاد پر شراکت داری قائم کریں گے۔ترک وزیرِ توانائی نے کہا کہ ترکی، پاکستان کے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانا چاہتا ہے۔ ترک کمپنی جلد اسلام آباد میں اپنا دفتر بھی قائم کرے گی جہاں پاکستانی اور ترک ماہرین مل کر کام کریں گے۔
ترکی اور پاکستان نے مستقبل میں توانائی، پاور اور معدنیات کے شعبوں میں مزید تعاون پر بھی اتفاق کیا ہے۔



Post A Comment:
0 comments:
If you share something with us please comment.