لاہور: 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق ایک اور مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور سابق سینیٹر اعجاز چوہدری کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔
اے ٹی سی ون کے جج منظر علی گل نے ایف آئی آر نمبر 852/2023 کا فیصلہ کوٹ لکھپت جیل کے اندر سنایا۔ یہ مقدمہ جی او آر ون کلب چوک کے داخلی دروازے پر حملے سے متعلق تھا، جو ریس کورس پولیس نے درج کیا تھا۔ پولیس نے مجموعی طور پر 25 ملزمان کے خلاف چالان جمع کرایا تھا، جن میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور کارکن شامل تھے۔عدالت نے اسی کیس میں پی ٹی آئی کارکنان قاسم الٰہی، محمد شہباز، مشتاق اور عبداللہ کو بھی 10 سال قید کی سزا سنائی، جبکہ شواہد کی عدم دستیابی کے باعث 12 ملزمان کو بری کر دیا گیا۔
یہ لاہور میں پانچواں مقدمہ ہے جس میں شاہ محمود قریشی کو بری کیا گیا ہے، تاہم ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کو مختلف مقدمات میں سزاؤں کا سامنا ہے۔ سزا پانے والے بیشتر افراد پر ڈنڈوں سے مسلح ہو کر حملہ کرنے، پتھراؤ اور نعرے بازی کے الزامات ہیں ۔
اس سے قبل بھی 9 مئی کے واقعات سے جڑے کئی مقدمات کے فیصلے سنائے جا چکے ہیں، جن میں شادمان پولیس اسٹیشن پر حملہ، شیرپاؤ پل پر تشدد، راحت بیکری کے قریب پولیس گاڑیاں جلانے اور جناح ہاؤس کے قریب سپریم کورٹ کے جج کے اسکواڈ کی گاڑی کو نذرِ آتش کرنے کے مقدمات شامل ہیں۔شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک کے مطابق، بریت کے باوجود ان کے موکل کو کوٹ لکھپت جیل سے فوری رہائی نہیں ملے گی کیونکہ تین دیگر مقدمات میں ان کی ضمانت کی درخواستیں ابھی زیرِ سماعت ہیں۔وکیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین برسوں میں پنجاب اور اسلام آباد میں تقریباً 50 مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت یا بریت حاصل کی جا چکی ہے۔واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں احتجاج پھوٹ پڑا تھا، جن میں فوجی تنصیبات اور سرکاری املاک پر حملے کیے گئے۔
دوسری جانب، کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کے پانچ سینئر رہنماؤں نے اپنے وکیل کے ذریعے ایک مشترکہ خط جاری کیا ہے، جس میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے مذاکرات کو واحد حل قرار دیا گیا ہے۔خط پر شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کے دستخط ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ تین سال اور آٹھ ماہ سے شدید سیاسی، معاشی اور سماجی بحرانوں میں گھرا ہوا ہے اور موجودہ حالات کا حل صرف مذاکرات میں ہے۔خط میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی بانی عمران خان نے تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کو ہدایت دی ہے کہ وہ قومی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرے تاکہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔
قید رہنماؤں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس موجودہ نازک مرحلے پر قوم کی رہنمائی کریں گے۔
9 مئی کیس میں شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد سمیت 4 رہنماؤں کو 10،10 سال قید
لاہور میں 9 مئی کیس کا فیصلہ، اے ٹی سی نے شاہ محمود قریشی کو بری جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر چیمہ سمیت 4 پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10 سال قید کی سزا سنا دی



Post A Comment:
0 comments:
If you share something with us please comment.