لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ وزارت اطلاعات اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے جعلی خبروں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بے بنیاد معلومات کے خلاف ملک گیر سطح پر بڑا آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حالیہ ہفتوں میں “سوشل میڈیا پر 90 فیصد خبریں جعلی” ثابت ہوئی ہیں، اور حکومت اس رجحان کو اب مزید برداشت نہیں کرے گی۔
محسن نقوی کے مطابق، سوشل میڈیا پر بغیر ثبوت خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ “کسی کے پاس ٹھوس شواہد ہیں تو رپورٹر کی طرح خبر دیں، مگر بغیر ثبوت الزام لگانا یا جعلی تصاویر پھیلانا برداشت نہیں کیا جائے گا۔”
وزیر داخلہ نے بتایا کہ اگر مین اسٹریم میڈیا غلط رپورٹنگ کرے تو شہری PEMRA سے رجوع کر سکتے ہیں، اور اس صورت میں ادارہ یا رپورٹر جوابدہ ہوگا۔تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ بلاوجہ افواہیں پھیلانے والے سوشل میڈیا صارفین “صحافی” نہیں کہلا سکتے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بلاگرز، ویلاگرز اور پوڈکاسٹرز اگر خبری مواد دینا چاہتے ہیں تو ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔ حکومت اظہارِ رائے کی آزادی کی حامی ہے، مگر “جعلی اور بے بنیاد خبروں” کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے بتایا کہ جعلی خبروں کے خلاف خصوصی ریگولیٹری ادارہ پہلے ہی تشکیل کے مراحل میں ہے، جو مستقبل میں اس پورے عمل کی نگرانی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد صحافیوں کو نشانہ بنانا نہیں، بلکہ صرف اُن عناصر کو روکنا ہے جو غلط معلومات کے ذریعے عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔



Post A Comment:
0 comments:
If you share something with us please comment.