پشاور (اسٹاف رپورٹر): خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے دو علیحدہ علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیاں 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب کی گئیں۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سخت نگرانی کے تحت کیے گئے ان آپریشنز میں مارے گئے دہشت گرد بھارتی حمایت یافتہ گروہ “فتنہ الخوارج” سے وابستہ تھے۔
پہلا آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کے بعد فورسز نے کارروائی کی۔آپریشن میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے, جن میں اہم کمانڈر عالم محسود بھی شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا آپریشن دتہ خیل (شمالی وزیرستان) میں کیا گیا، جہاں جھڑپ کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے۔فورسز نے جائے وقوعہ سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی تحویل میں لے لیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود باقی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ترجمان نے زور دیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی جڑیں اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کارروائی میں حصہ لینے والی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر صورت جاری رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ “عزمِ استحکام” کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز مسلسل بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔



Post A Comment:
0 comments:
If you share something with us please comment.