پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) — فرانس کے نئے وزیرِاعظم سیباسٹین لیکورنو نے کابینہ کا اعلان کرنے کے چند گھنٹے بعد ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ صدر ایمانوئل میکرون نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
سیباسٹین لیکورنو کو تقریباً ایک ماہ قبل وزیرِاعظم نامزد کیا گیا تھا، تاہم انہیں سیاسی بحران، پارلیمان میں اتحاد کی کمی اور انتہائی دائیں و بائیں جماعتوں کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔جس کی وجہ سے اتوار کی شام انہوں نے اپنی کابینہ کا اعلان کیا، لیکن محض چند گھنٹوں بعد ہی مستعفی ہو گئے۔ ان کی حکومت فرانس کی تاریخ کی سب سے کم مدت والی حکومتوں میں شامل ہو گئی۔
اپنے بیان میں سیباسٹین لیکورنو نے کہا کہ انہوں نے “ملکی مفاہمت” کے لیے کام کرنے کی کوشش کی، مگر ہر جماعت چاہتی تھی کہ دوسری جماعت اس کے پورے ایجنڈے کو قبول کرے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، ان کے اچانک استعفے نے صدر میکرون کے لیے نیا سیاسی بحران کھڑا کر دیا ہے۔ حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میکرون خود بھی عہدہ چھوڑ کر نئے انتخابات کا اعلان کریں۔
گزشتہ دو سالوں میں صدر میکرون پانچ وزرائے اعظم تبدیل کر چکے ہیں، جو ان کی حکومت میں غیر یقینی صورتِ حال کی نشاندہی کرتا ہے۔



Post A Comment:
0 comments:
If you share something with us please comment.