کوئٹہ (تازہ خبر) — پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے سرحدی علاقے اسپن بولدک میں افغان طالبان کے حملے کو مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، حملے میں 15 سے 20 افغان طالبان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔فوج کے ترجمان کے مطابق، افغان طالبان نے صبح سویرے چار مختلف مقامات پر “بزدلانہ حملے” کیے، جنہیں فورسز نے بروقت جوابی کارروائی سے پسپا کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ افغان سرزمین سے منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تھا، جس میں طالبان نے شہری آبادی کا خیال رکھے بغیر پاک افغان دوستی گیٹ (Friendship Gate) کو بھی نقصان پہنچایا۔
فوجی ترجمان کے مطابق، حملے کے دوران پاکستانی فورسز نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے علاقے کا مکمل کنٹرول برقرار رکھا اور افغان جنگجوؤں کو پسپائی پر مجبور کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ “یہ واقعہ بلوچستان میں ایک منفرد نوعیت کا ہے، تاہم صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔”
دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے الزام عائد کیا ہے کہ افغان فورسز نے پاکستانی حملوں کے جواب میں کارروائی کی، جس میں 13 افغان شہری جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔



Post A Comment:
0 comments:
If you share something with us please comment.